بھارت نے حملہ کیا تو جواب دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا،عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستان سوچے گا نہیں بلکہ فوری جواب دے گا۔ بھارت سوچے کشمیر کی موجودہ صورتحال کی کیا وجہ ہے؟، پلوامہ حملے کی جو تحقیقات کروانا چاہتے ہیں، پاکستان سب کے لیے تیار ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے تناظر میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چند دن پہلے مقبوضہ کشمیر میں جو واقعہ ہوا، اس میں پاکستان پر الزام لگایا ہے۔ سعودی شہزادے کے دورے کی وجہ سے ردعمل میں تاخیر ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگا دیا۔ اگر پاکستان اتنی اہم کانفرنس کروارہا تھا تو کوئی احمق بھی ایسا حملے نہیں کرواسکتا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کیوں ایسا حملہ کرواتا ، پاکستان نے 15 سال دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، پاکستان میں امن اور استحکام آرہا ہے،ہم کیوں ایسا حملہ کرواتے
انھوں نے بھارت سے سوال کیا کہ کیوں ماضی میں پھنسے رہتے ہیں، یہ نیا پاکستان ہے، نئی سوچ ہے، ہم کبھی نہیں چاہتے ہیں کہ کوئی پاکستان سے جا کرکہیں دہشت گردی کرے۔ عمران خان نے بھارت کو پیش کش کی کہ اگر اس حملے میں کوئی پاکستانی ملوث ہے تو تحقیقات کروانے کےلیے تیار ہیں۔ اگر پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں توبھارت پیش کرے۔ اگر کوئی پاکستان دشمنی میں ایسے بیانات دیتا ہے تو یہ غلط ہے
وزیراعظم نے مزید کہاکہ بھارت سے جب بھی مذاکرات کی بات کرنے کا کہتے ہیں تو دہشت گردی کا معاملہ سامنے رکھا جاتا ہے، پاکستان اس معاملے پر بھی بات کرنے کے لیے تیار ہے، دہشت گردی سارے خطے کا مسئلہ ہے،دہشت گردی سے پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستا ن میں نئی سوچ آنی چاہئے، یہ دیکھنا چاہئے کہ کشمیر کے نوجوان اس نہج پر پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے دلوں میں موت کا خوف نکل گیا ہے۔ اگر آج افغانستان میں 17 سال بعد مذاکرات واحد حل کہا جارہا ہے تو کمشیر میں ایسا ممکن کیوں نہیں۔ ہندوستان میں سن رہے ہیں کہ پلوامہ حملے پر پاکستان سے بدلہ لینا چاہئے۔ بھارت میں الیکشن کا سال ہے اس لئے ایسی باتیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے ہفتے، مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے میں بھارتی فوج کو بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours